بھارت میں کسانوں کا مودی سرکار کیخلاف احتجاج جاری، کل ملک گیر ہڑتال کا اعلان

Published On 13 December,2020 12:36 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں کسانوں کا مودی سرکار کے خلاف احتجاج جاری ہے، مختلف ریاستوں سے مزید کاشتکار دلی پہنچ رہے ہیں۔ اٹھارہ روز سے دلی کا گھیراؤ جاری ہے کل ملک گیر ہڑتال ہو گی۔

مودی کی وضاحتوں کے باوجود کسان سراپا احتجاج، دلی جے پور ہائی وے بھی بند کر دی۔ ہریانہ اور پنجاب کی سرحد سنگھو پر بھوک ہڑتال بھی کی جائے گی۔ کسان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں ریل ٹریک بھی جام کر دیا جائے گا۔

مظاہرین نے اترپردیش کے ضلع گوتم نگر اور ریاست ہریانہ کے اضلاع امبالا اور کرنال میں ٹال پلازہ پر قبضہ کر لیا اور گاڑیوں کو بغیر فیس کے جانے دیا۔ کل ملک گیر احتجاج کی کال پر مختلف شہروں سے کسانوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

حکومت نے مظاہرین کو دلی میں داخلے سے روکنے کے لیے ہزاروں پولیس اہلکار تعینات کر دیئے۔ کسان ڈپٹی کلیکٹروں کے دفاتر اور بی جے پی رہنماؤں کے گھروں کے باہر بھی مظاہرہ کریں گے۔

کانگریس رہنما راہل گاندھی نے ٹویٹ میں مظاہروں کے دوران 11 کسانوں کے دم توڑنے کی خبر شیئر کر دی۔ ان کا کہنا ہے کہ زرعی قوانین کو ختم کرنے کے لئے مزید کتنی قربانیاں دینا ہوں گی۔