واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کی شمالی ریاستوں میں برفانی طوفان سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے، محکمہ موسمیات نے مزید برف باری کی پیش گوئی کر دی۔
امریکی ریاستوں پنسلوانیا، نیو جرسی، فلاڈیلفیا اور نیویارک سمیت کئی علاقوں میں شدید برف باری کا سلسلہ شروع ہو گیا، برفانی طوفان سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور سیکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
نیویارک کے مئیر نے ریاست میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو برفانی طوفان کو سنجیدگی سے لینا چاہیے، امریکی حکام نے پنسلوانیا سے نیویارک کے درمیان پہاڑی سلسلے میں 2 فٹ تک برف پڑنے کی پیش گوئی کی ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ میں پہلے ہی کورونا کے سبب صورتحال خراب ہے جہاں وبا سے 3 لاکھ 14 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ ایک کروڑ 73 لاکھ 94 ہزار سے زائد افراد مرض کا شکار ہیں، ایسے میں برفانی طوفان نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔