نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں متنازع زرعی قوانین کےخلاف کسانوں کا احتجاج چوتھے ہفتے بھی جاری ہے، کاشت کار احتجا ج کے مقام پر خود کشیاں کرنے لگے، بابا گرورام سنگھ نے دلی میں احتجاج کےمقام پر خود کو گولی مار لی، کسانوں نے سپریم کورٹ کی نام نہاد تجاویز بھی مسترد کردیں۔
بھارت میں کسانوں کے احتجاج میں صورت ِحال سنگین ہو گئی، مودی سرکار کی ہٹ دھرمی سے تنگ آ کر مظاہرے کے دوران کسان بابا گرو رام سنگھ نے احتجاجا خود کو گولی مار لی۔ ہریانہ کے گوردوارے کے 65 سالہ بابا رام سنگھ دلی سونی پت کی سرحد پر احتجاج میں شریک تھے۔ بابا رام نے اپنے آخری پیغام میں لکھا کہ وہ سرکار کی ناانصافی کے خلاف اپنی جان دے رہے ہیں۔
متنازع زرعی قوانین کے خلاف احتجاج میں 26 نومبر سے لاکھوں کسان دلی کی سرحد پر موجود ہیں ، مظاہرین نے ٹرالیوں اور خیموں میں پنا ہ لے رکھی ہے ۔ اب تک 21 کسان اپنے جان دے چکے ہیں۔ کسانوں نے سپریم کورٹ کی نام نہاد تجاویز بھی مسترد کردی ہیں۔ کسانوں کا مطالبہ ہے کہ زرعی اجناس کی تجارت کو بڑی کارپوریشنوں کے ہاتھ میں دینے کا قانون واپس لیا جائے۔