کورونا کیسے شروع ہوا ؟ عالمی ادارہ صحت کو چین میں تفتیش کی اجازت

Published On 12 January,2021 03:21 pm

بیجنگ، واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 9 کروڑ 10 لاکھ 75 ہزار ہوگئی، اموات 19 لاکھ 49 ہزار سے بڑھ گئیں، کورونا وبا کی ابتدا کیسے ہوئی ؟ چین نے عالمی ادارہ صحت کو تفتیش کی اجازت دیدی۔

ڈبلیو ایچ او کے 10 ماہرین چین پہنچ کر جمعرات سے اس بات کا سراغ لگائیں گے کہ کورونا وبا کی ابتدا کہاں سے ہوئی۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی ٹیم چینی سائنسدانوں سے ملکر تحقیقات کرے گی، توقع ہے کہ عالمی ماہرین کی ٹیم 2 ہفتے قرنطینہ کے بعد شہر ووہان کادورہ کرے گی۔

ادھرعالمی ادارہ صحت نے واضح کیا ہے کہ کووڈ 19 کی ابتدا سے متعلق عالمی تفتیش کا مقصد کسی پر الزام لگانا نہیں ہے۔ ورلڈو میٹر کے مطابق امریکا میں ایک دن میں 934 اموات ہوئیں جبکہ متاثرین کی تعداد 2 کروڑ 30 لاکھ 44 ہزار 600 سے بڑھ گئی۔

کورونا سے گزشتہ روز برطانیہ میں 529، جرمنی میں 470 اور بھارت میں 166 ہلاکتیں ہوئیں۔ انڈونیشیا نے کورونا پھیلنے کے خدشات پر غیر ملکی شہریوں کی سفری پابندیوں میں مزید 2 ہفتوں کی توسیع کر دی۔

کورونا سے بڑھتی ہلاکتوں اور نئے کیسز کے باعث پرتگال میں دوبارہ سے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا، کورونا کی روک تھام کے لئے جرمنی میں نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں جن کے تحت جنوری کے آخر تک ملک کے زیادہ تر حصوں میں شاپنگ مالز، کنڈر گارٹن اور سکول بند رکھے جائیں گے۔

فلسطینی اتھارٹی نے کورونا ویکسین تیار کرنیوالے چار اداروں کیساتھ معاہدوں پر دستخط کر دئیے۔ حکام کے مطابق ان میں روسی ویکسین سپوتنک فائیو تیار کرنیوالا ادارہ بھی شامل ہے، جس سے 2 ماہ کے اندر 70 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن کر لی جائیگی۔

نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے کووڈ 19 ویکسین کی دوسری خوراک بھی لگوا لی۔ کورونا وائرس کے خوف سے جاپان کے معروف سومو پہلوان نے کھیل کو خیرباد کہہ دیا، دنیا میں تیل کے دوسرے بڑے صارف چین میں کورونا کے دوبارہ سر اٹھانے اور یورپ میں نقل و حرکت محدود کیے جانے کے بعد عالمی مارکیٹ میں برینٹ آئل کی فی بیرل قیمت ایک ڈالر گر گئی۔
 

Advertisement