بھارت میں کسانوں کا احتجاج جاری، زرعی قوانین 18ماہ کیلئے معطل کرنے کی پیشکش مسترد

Published On 21 January,2021 12:03 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں جاری کسانوں کا احتجاج مودی کے گلے کی ہڈی بن گیا، کسان رہنماوں نے زرعی قوانین 18ماہ کیلئے معطل کرنے کی پیش کش قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

دلی میں حکومت اور کسان رہنماوں کے درمیان مذاکرات مسلسل ناکام ہو رہے ہیں۔ کاشتکار رہنماوں نے کہا ہے کہ انہیں مودی سرکار کی تجاویز منظور نہیں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تینوں متنازع زرعی قوانین کی واپسی چاہتے ہیں، 26 جنوری کو دلی کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔ کسانوں کے احتجاج میں بچے، بوڑھے اور خواتین بھی شریک ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت میں کسانوں کے احتجاج کو 5 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے جس کی وجہ بھارتی لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں پاس ہونے والے زرعی بل ہیں جن کے بارے میں بھارت بھر کے کسانوں کا موقف ہے کہ مذکورہ قوانین زرعی مافیا کو نوازنے اور کسانوں کو معاشی طور پر دبانے کیلئے بنائے گئے ہیں۔