بلجیم کی عدالت نے ایرانی سفارتکار سمیت 4 افراد کو عمر قید کی سزا سنا دی

Published On 04 February,2021 08:05 pm

برسلز: (ویب ڈیسک) بلجیم کی عدالت نے ایرانی سفارتکار سمیت چار افراد کو عمر قید کی سزا سنا دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسدی سمیت تین ایارن الاصل افراد 2018 میں فرانس میں ایرانی انتظامیہ مخالف عوامی مجاہدین تنظیم کے اجلاس پر بم حملے کے منصوبے کے الزام میں مقدمے کا سامنا کر رہے تھے۔ مقدمے میں مذکورہ افراد پر الزام ثابت ہو گیا ہے۔

بلجیم کی طرف سے حملے کے منصوبے کا الزام عائد کئے جانے کے بعد اسدی کو ان کے جرمنی میں قیام کے دوران حراست میں لے کر بیلجئیم کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ اسدی کے علاوہ مزید 3 ایرانیوں پر اینورس شہر میں مقدمہ چلایا گیا۔

ایرانی سیاست دان نے الزام کی تردید کی اور پیشیوں میں بھی حاضر نہیں ہوئے۔ اسدی اپنے وکیل کی وساطت سے سیاسی استثنائیت کی وجہ سے بلجیم میں عدالتی کاروائی کا سامنا کرنے کی مخالفت کر رہے تھے۔

اسدی پر الزام تھا کہ وہ اینورس میں مقیم ایرانی الاصل جوڑے کے ساتھ مل کر حملے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ بلجیم اٹارنی دفتر کے مطابق اسدی نے بم بنانے کا سامان جمع کیا اور ایران الاصل جوڑے کی گاڑی سے ایک ٹائم بم بھی ملا تھا جسے تحویل میں لے کر ناکارہ بنا دیا گیا تھا۔

اس مقدمے کے ساتھ پہلی دفعہ کسی ایرانی سیاست دان نے نیٹو کے رکن ملک میں عدالتی کاروائی کا سامنا کیا۔ فرانس کا دعوی ہے کہ اسدی ایرانی خفیہ ایجنسی کے ملازم ہیں تاہم ایران اسدی کے بارے میں دعووں کی تردید کر رہا ہے۔