کسانوں کا احتجاج جاری، راہول گاندھی نے پورے ملک کی تحریک قرار دے دیا

Published On 12 February,2021 09:06 am

نئی دہلی: (دنیا نیوز) کسانوں کا احتجاج جاری ہے، کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے کہا ہے متنازع قوانین نے کسانوں، مزدوروں اور چھوٹے دکانداروں کی ریڑھ کی ہڈی توڑ دی۔ سن لیں، یہ کسانوں کی نہیں پورے ملک کی تحریک ہے۔

مودی سرکار کا ہر وار ناکام، کسان مضبوطی کے ساتھ احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ متنازع زرعی قوانین کے معاملے پر بھارتی پارلیمان میں شور شرابہ، لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے کہا کہ آپ لکھ کر لے لیں، کسان ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، آپ نے ملک کی ریڑھ کی ہڈی توڑ دی ہے۔ ان قوانین کی وجہ سے ہندوستانیوں کو بھوک سے مرنا پڑے گا۔

کانگریس ارکان نے احتجاج میں جان دینے والے کسانوں کے لیے کھڑے ہو کر خاموشی اختیار کی جبکہ بی جے پی ارکان شور مچاتے رہے۔

بھارت میں ٹویٹرعہدیداروں کی گرفتاریاں اور انہیں دھمکیاں جاری ہے۔دھرنوں میں شریک افراد کے گھروالوں کی پکڑ دھکڑ بھی کی جا رہی ہے، کسانوں نے بھی حفاظتی اقدامات کرلیے ہیں، سنگھو بارڈر پر 600 کاشتکاروں نے پوزیشن سنبھال لی۔