سعودی عرب میں سالانہ 40 ارب ریال کی غذائی اشیا ضائع

Published On 15 February,2021 10:54 pm

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں سالانہ 40 ارب ریال مالیت کی غذائی اشیا ضائع کی گئیں۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) نے کہا ہے کہ 2020 کے دوران زائد المیعاد ناکارہ اشیا کا حجم 300 ٹن تک پہنچ گیا تھا۔ ایس ایف ڈی اے نے ناقابل استعمال پھل اور سبزیاں ضبط کیں۔ یہ اشیا مقررہ قواعد وضوابط کو بالائے طاق رکھ کر فروخت کی جا رہی تھیں۔

ایس ایف ڈی اے نے بتایا کہ 2020 کے دوران 5424 تاجروں کو وارننگ جاری کی گئی۔ انہیں ناکارہ اشیا کے کاروبار کی سنگینی سے خبردار کیا گیا۔ ایس ایف ڈی اے نے اعداد وشمار کے حوالے سے بتایا کہ سعودی عرب میں خوراک کا ضیاع سنگین مسئلہ ہے۔

وزیر ماحولیات و پانی و زراعت انجینیئر عبدالرحمان الفضلی چار اپریل 2020 کو بیان جاری کر کے خبردار کرچکے ہیں کہ سعودی عرب میں سالانہ چالیس ارب ریال مالیت کی غذائی اشیا ضائع ہو رہی ہیں۔

اقتصادی ماہرین نے اس سنگین معاملے پر اقتصادی نقصانات کے حوالے سے کہا کہ سعودی قومی پروگرام برائے انسداد ضیاع خوراک نے ایک جائزہ رپورٹ شائع کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2019 کے دوران سعودی عرب میں خوراک کے ضیاع کا تناسب 33.1 فیصد تک پہنچ گیا تھا۔ ضائع ہونے والی خوراک میں سبزیاں پہلے نمبر پر ہیں۔ ریڈمیٹ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ پھل اور چاول تیسرے نمبر پر ہیں۔
 

Advertisement