بھارتی کسانوں‌ کا آج ریل روکو احتجاج ، مودی نے نیم فوجی دستے تعینات کر دیئے

Published On 18 February,2021 09:40 am

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی کسان آج ریل روکو احتجاج کر رہے ہیں جس پر عملدرآمد کیلئے ملک بھر کا ٹرین نیٹ ورک جام کیا جائے گا، مودی نے ریلوے اسٹیشنز پر نیم فوجی دستے تعینات کر دیئے ہیں، پنجاب میں کسان تحریک کی حمایت میں خواتین نے بھی جلسے کئے۔

ریل روکو احتجاج، کسان اورمودی سرکار آج پھر آمنے سامنے ہو گئے، بھارتی حکومت نے طاقت کے بل پر احتجاج روکنے کی تیاریاں کر رکھی ہیں۔ ریلوے اسٹیشنز پر پیرا ملٹری فورس کی 20 اضافی کمپنیاں تعینات کر دی گئی ہیں۔ پنجاب، ہریانہ، راجستھان، یو پی اور مغربی بنگال میں اسپیشل فورسز تعینات کی گئی ہیں۔

کسان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد مسافروں کو تنگ کرنا نہیں بلکہ سرکار کو خبردار کرنا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے متنازعہ قوانین کی واپسی ہی مسئلہ کا آخری حل ہے، پنجاب کے مختلف شہروں اور دیہات میں خواتین نے بھی چھوٹے بڑے مظاہرے کئے۔ خواتین کے ان اجتماعات میں کسان تحریک میں جان دینے والوں کو یاد کیا گیا۔
 

Advertisement