میڈرڈ: (دنیا نیوز) اسپین میں گلوکار کی گرفتاری کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
بارسلونا میں ہزاروں افراد نے احتجاج کیا، سڑکیں میدانِ جنگ کا منظر پیش کرنے لگیں۔ پرتشدد افراد نے کوڑے دانوں کو آگ لگا دی۔ لوگوں نے دکانوں میں لوٹ مار بھی کی۔ جھڑپوں میں پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
حکومت نے 33 سالہ گلوکار کو بادشاہت اور ریاستی اداروں کے خلاف ٹویٹ کرنے اور گانے لکھنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ ہسپانوی حکومت کے مطابق گلوکار نے سابق بادشاہ جوآن کو ظالم شرابی قرار دیتے ہوئے علیحدگی پسند گروپ کی حمایت بھی کی تھی۔ عوامی احتجاج بڑے پیمانے پر پھیلنے کے سبب اب حکومت نے اظہارِ رائے پر پابندیوں میں نرمی کا عندیہ دیا ہے۔