کابل: (دنیا نیوز) افغانستان میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئیں، حزب اسلامی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ حکومت ان سے کئے گئے وعدہ پورے کرے۔ وہ امن معاہدے کا احترام کرتے ہیں۔
کابل میں خطاب کرتے ہوئے حزب اسلامی کے سربراہ گل بدین حکمت یار نے اشرف غنی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں امن بحال کیا جائے، ٹارگٹ کلنگ روکی جائے اور قومی خزانے میں ہونے والی بدعنوانی کا خاتمہ کیا جائے۔
تحریک کے کارکنوں نے کابل میں حکومت کے خلاف ریلی بھی نکالی۔ انہوں نے حکومت کو مہلت دی ہے کہ دس روز میں ان کے مطالبات پورے کئے جائیں ورنہ احتجاج کا دائرہ کار بڑھا دیا جائے گا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ افغانستان میں سیاسی لحاظ سے بڑی پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے، ایسا ملک جہاں ہر بڑے گروہ کا مسلح ونگ تھا اور کسی بھی اختلاف کی صورت میں ایک دوسرے پر راکٹ حملے کر کے قتل و غارت عام بات تھی تاہم اب سیاسی کلچر مضبوط ہوتا نظر آتا ہے کہ مخالف سیاسی دھڑے مذکرات اور مظٓاہروں کے ذریعے اپنے مطالبات سامنے لانا شروع ہو گئے ہیں۔