مصر: گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگنے سے ہلاکتیں 20 ہو گئیں

Published On 12 March,2021 05:18 pm

قاہرہ: (ویب ڈیسک) مصر میں گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد 20 افراد ہو گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق قاہرہ میں سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز ایک گارمینٹ فیکٹری میں آگ لگ جانے کے واقعے میں کم از کم بیس افراد ہلاک اور چوبیس دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔

حکومت کی طر ف سے جاری ایک بیان کے مطابق چار منزلہ عمارت میں واقع اس فیکٹری میں آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ آتش زدگی کا یہ واقعہ قاہرہ سے 35 کلومیٹر شمال میں واقع عبور صنعتی زون میں واقع ایک فیکٹری میں پیش آیا۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے پندرہ فائر انجنوں کو لگایا گیا جو کافی مشقت کے بعد آگ کو دیگر فیکٹریوں تک پھیلنے سے روکنے میں کامیاب رہے۔

جمعرات کے روز پیش آنے والا آتش زدگی کا یہ واقعہ مصر میں آگ لگنے کے سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہے۔ ملک میں سیفٹی کے معار اور آگ پر قابو پانے سے سے متعلق ضابطوں کے نفاذ پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جاتی ہے۔

گزشتہ ماہ ہی قاہرہ کے مصروف ترین شاہراہ کے کنارے ایک تیل پائپ لائن سے تیل رسنے کی وجہ سے ادھر سے گزرنے والی کاروں میں آگ لگ گئی تھی جس کے سبب کم از کم سترہ افراد زخمی ہو گئے تھے۔

تقریباً 6 برس قبل عبور میں ہی ایک تین منزلہ گودام میں آگ لگ جانے سے درجنوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ یہ حادثہ ایک ایلیویٹر کے اندر گیس کنٹینر کے پھٹ جانے کی وجہ سے پیش آیا تھا۔
 

Advertisement