جوبائیڈن کا پیوٹن کیخلاف بیان، روس نے واشنگٹن میں تعینات سفیر واپس بلوا لیا

Published On 18 March,2021 11:42 am

ماسکو: (دنیا نیوز) روس اور امریکا کے تعلقات میں کشیدگی جاری ہے، روس نے مشاورت کے لیے امریکا سے اپنا سفیر ماسکو بلوا لیا۔ تازہ تنازع امریکی صدر کی جانب سے روسی صدر پیوٹن کو قاتل کہنے پر کھڑا ہوا۔

روسی حکام نے کہا ہے کہ امریکا میں تعینات سفیر اناطولی اینتونوف سے مشاورت کی جائے گی کہ اس صورت حال میں کس سمت میں آگے بڑھا جائے۔ ماسکو نے کہا ہے واشنگٹن سے بگڑتے تعلقات اس مقام پر جانے سے روکنا چاہتا ہے جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو۔

گذشتہ روز امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ 2020 کے صدارتی الیکشن میں مداخلت پر روس کو قیمت چکانا پڑے گی۔ صدر بائیڈن نے روسی ہم منصب کو قاتل بھی قرار دیا تھا۔

روس کے سپیکر نے پیوٹن کو قاتل کہنے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ روسی صدر پیوٹن کو قاتل کہنا روس پر حملہ ہے، جو بائیڈن نے روسی عوام کی توہین کی ہے۔
 

Advertisement