جاپان میں 7.2 شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

Published On 20 March,2021 05:12 pm

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان میں ریکٹر اسکیل پر 7.2 کی شدت کے زلزلے کے سبب محکمہ موسمیات نے ممکنہ سونامی سے خبردار کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان کے محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز سونامی سے متعلق ایک انتباہی اعلان جاری کیا۔ جاپان کے پیسیفک میں واقع علاقے میاگی میں بحرالکاہل کے پانیوں میں 60 کلومیٹر کی گہرائی میں زلزلے کے جھٹکے مقامی وقت کے مطابق 6 بجے شام محسوس کیے گئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق میاگی سے تا حال کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی اور مقامی انتظامیہ اس علاقے میں قائم جوہری پلانٹ کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔

دریں اثناء امریکی جیولوجیکل سروس نے ہفتے کو آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.0 بتائی ہے۔ سونامی انتباہی اعلان سے کچھ دن پہلے ہی 2011ء میں فوکو شیما کی بہت بڑی تباہی کا سبب بننے والی سونامی کی ناگہانی آفت کے دس سال مکمل ہونے پر جاپان میں اُن واقعات کو یاد کیا گیا۔

مارچ 2011ء میں 9.0 کی شدت کے زلزلے نے فوکوشیما کی تباہی سمیت متعدد گاؤں اور شہروں کو ویران کر دیا تھا۔ تب وسیع پیمانے پر تابکاری پھیلنے کے سبب لاکھوں مقامی باشندوں کو نقل مکانی کرنا پڑی تھی۔ اُن واقعات کو   سہ بحرانی‘‘ واقعات قرار دیا جاتا ہے جس نے جاپان کے شمال مشرقی علاقوں بشمول میاگی کو شدید متاثر کیا تھا۔

یہ علاقہ جاپان میں زلزلے کا  ایپی سینٹر‘ مانا جاتا ہے۔ ابھی گذشتہ ماہ بھی اسی علاقے کو زلزلے کے شدید جھٹکوں نے ہلا کر رکھ دیا تھا اور اس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے تھے۔

زلزلے سے میاگی، فوکوشیما، ایباراکی، توگیگی، سیتا اما اور چیبا میں 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے تاہم کوئی ہلاکت نہیں ہوئی تھی۔ تب محکمہ موسمیات نے سونامی الرٹ جاری نہیں کیا تھا۔

جاپان خطے کے   رنگ آف فائر‘‘ کہلانے والے علاقے میں واقع ہے۔ یہاں زمین کے لرزنے کے واقعات آئے دن جنوب مشرقی ایشیا سے لے کر بحرالکاہل کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لیتے رہتے ہیں۔

یہ ملک آئے دن زلزلے کی زد میں رہتا ہے اس لیے یہاں تعمیراتی منصوبوں پر سخت کنٹرول ہے اور تعمیراتی منصوبوں کے جاپان میں بہت سخت ضوابط پائے جاتے ہیں۔

عمارات کی تعمیر میں اس امر کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ یہ بلڈنگز زلزلے کے جھٹکے ممکنہ حد تک برداشت کر سکیں اور زلزلے کی صورت میں کم سے کم انسانی اور مادی نقصانات ہوں۔
 

Advertisement