افغانستان: سکول کے قریب تین بم دھماکے، 40 افراد جاں بحق، طالبان کی حملے کی تردید

Published On 08 May,2021 07:30 pm

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں 3 بم دھماکوں سے 40 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ جبکہ طالبان نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کر دی ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق کابل کے مغربی علاقے دشت بارشی میں سید الشہدا ہائی سکول کے قریب اُس وقت دھماکے ہوئے جب طلبہ سکول سے نکل رہے تھے۔

حکام کو شبہ ہے کہ حملہ آوروں نے راکٹ فائر کیے جس سے تین دھماکے ہوئے۔ جاں بحق اور زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ابھی تک کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس بم دھماکے میں 40 افراد جاں بحق ہوئے ہیں ، درجنوں افراد شدید زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ 

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق طالبان نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کر دی ہے۔ 

دوسری طرف امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ طالبان نے امن معاہدے کی خلاف ورزی کی تو امریکی فوج افغانستان میں دوبارہ واپس آجائے گی۔

طلوع نیوز کے مطابق امریکا کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ افغان عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اگر طالبان نے امن کے بجائے جنگ کو ترجیح تو دی تو اپنے دوستوں کی مدد کے لیے امریکی فوج دوبارہ آئے گی۔

امریکا کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر جنگ کے خاتمے کی کاوشیں اور کسی بھی مسئلے کے فوجی حل کو مسترد کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے جس سے افغانستان میں امن کی راہ ہموار ہوئی ہے جسے کسی بھی قیمت دوبارہ سبوتاژ نہیں کرنے دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ زلمے خلیل زاد نے حال ہی میں ازبکستان، قطر، افغانستان اور تاجکستان کے دورے سے لوٹے ہیں اور برلن میں اتحادیوں کے اہم اجلاس میں بھی شرکت کی تھی جس کا مقصد امریکی فوجیوں کے 11 ستمبر تک بحفاظت واپسی کا انتظام کرنا تھا۔