مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی فورسز کے مزید حملوں میں 17 فلسطینی زخمی

Published On 10 May,2021 09:39 am

مقبوضہ بیت المقدس: (دنیا نیوز) اسرائیل کے مظالم جاری ہیں۔ مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی فورسز کے مزید حملوں میں 17 فلسطینیوں زخمی ہوگئے۔ عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس آج قاہرہ میں ہو رہا ہے۔

رمضان المبارک میں بھی فلسطین اسرائیلی مظالم کی زد میں ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی حصے شیخ جراح میں فلسطینیوں کی پر امن ریلی پر صیہونی فورسز نے دھاوا بول دیا، متعدد نوجوان زخمی ہوگئے، چند کو گرفتار کر لیا گیا۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ سے 29 بچے بھی زخمی ہوئے۔ یو این رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زخمی ہونے والے میں ایک سال کا بچہ بھی شامل ہے۔

اسرائیلی مظالم کے خلاف پورے فلسطین میں مظاہرے ہوئے، مقبوضہ بیت المقدس، غزہ سٹی، رملہ اور مغربی کنارے پر ہزاروں فلسطینیوں نے احتجاج میں شرکت کی۔ شرکا نے اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔

استنبول میں اسرائیلی قونصل خانے کے سامنے سیکڑوں افراد نے مظاہرہ کیا، شرکا نے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر کئے گئے صیہونی فورسز کے حملوں کی مذمت کی۔ شرکا نے انسانی بنیادوں پر امداد فوری طور پر مقبوضہ علاقوں میں بھیجنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

اسرائیلی جارحیت کیخلاف برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں خواتین اور بچوں کی بھی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ لندن اور مانچسٹرمیں ہونے والے مظاہروں میں عالمی برادری سے اسرائیل کے خلاف متحد ہونے کا مطالبہ کیا گیا۔ برطانیہ میں موجود پاکستانی طلبہ بھی بڑی تعداد میں مظاہرے میں شریک ہوئے۔

امریکا نے بیت المقدس میں تشدد پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تیونس نے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔ مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے بھی مقبوضہ بیت المقدس میں تشدد روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
 

Advertisement