پیانگ یانگ: (دنیا نیوز) شمالی کوریا نے امریکا سے مذاکرات کے لیے رضامندی کا اظہار کر دیا، ٹرمپ دور میں امریکا، شمالی کوریا مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے تھے۔
شمالی کوریا کے سربراہ "کم جونگ ان" نے کہا ہے کہ امریکا سے مذاکرات کے لیے تیارہیں، اگر امریکا تناؤ جاری رکھنا چاہتا ہے تو اس کے لیے بھی تیارہیں۔ شمالی کوریا نے صدر بائیڈن کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلی بار بات چیت پر رضامندی ظاہرکی ہے۔
ٹرمپ دور میں امریکا، شمالی کوریا مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے تھے، ٹرمپ کی غیر مستقل مزاج پالیسی سے شمالی کوریا مذاکرات پر آمادگی کے باوجود ایک مرتبہ پھر تصادم کی راہ پر چل پڑا تھا۔ امریکا چاہتا ہے کہ شمالی کوریا اپنا میزائل پروگرام اور جوہری ہتھیار ختم کر دے تاہم شمالی کوریا اپنی قومی سلامتی یقینی بنانے کیلئے ایٹمی صلاحیت برقرار رکھنے پر مصر ہے اور اس کو اپنا حق قرار دیتا ہے۔