نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی دعوت پر مقبوضہ کشمیر سے متعلق کانفرنس آج نئی دلی میں ہو گی، بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کا اعلان ہو سکتا ہے، کانفرنس سے قبل وادی کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا۔
مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں اب کیا کرنے والی ہے، قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ نریندر مودی کی دعوت پر مقبوضہ کشمیر سے متعلق نئی دلی میں آج کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ نے مقبوضہ کشمیر کی 5 اگست 2019 سے پہلے والی پوزیشن بحال کرنےکا مطالبہ کیا ہے، سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی بھی کانفرنس میں شریک ہوں گی، انہوں نے بھارت پر زور دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان سے بات کرے۔
کانفرنس کا باقاعدہ ایجنڈا نہیں دیا گیا تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کا اعلان ہو سکتا ہے، دوسری جانب نئی دلی میں کانفرنس کےموقع پر مقبوضہ وادی کو بھی چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا۔
پاکستان خبردار کرچکا ہے کہ بھارت مزید کسی بھی غیر قانونی اقدام سے باز رہے اور مقبوضہ وادی کی 5 اگست سے پہلے والی پوزیشن بحال کرے۔