افغانستان میں خانہ جنگی کے خطرات، طالبان نے مزید 6 اضلاع پر قبضہ کر لیا

Published On 24 June,2021 02:05 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان میں خانہ جنگی کے خطرات بڑھتے جا رہے ہیں، افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے مزید 6 اضلاع پر قبضہ کر لیا۔

امریکی فوجیوں کا انخلا، افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی جاری ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے مزید 6 اضلاع پر قبضہ کر لیا جن میں تین صوبوں فریاب، بغلان اور غزنی کے دو دو اضلاع شامل ہیں۔

طالبان ذرائع کے مطابق صوبہ تاخر کے دو مختلف اضلاع میں ہونے والی جھڑپوں میں 34 افغان فوجی ہلاک اور تین ٹینک تباہ کر دیئے گئے۔ طالبان نے قندوز کے اہم ضلع امام صاحب کی شیر خان بندر پورٹ کا کنڑول بھی حاصل کر لیا۔ بیرونی فوجوں کے انخلا کے آغاز کے بعد سے طالبان نے 40 سے زائد اضلاع پر قبضے کرنے کا دعوی کیا ہے۔

ادھر روسی وزیر دفاع نے کہا کہ امریکا کے افغانستان سے نکلنے کے بعد خانہ جنگی شروع ہو جائے گی۔ پاکستان اور ایران کے تعاون کے بغیر افغان گروہوں کو متحد رکھنا ممکن نہیں۔