افغان طالبان نے اسلام قلعہ پر قبضہ کر لیا، غزنی سمیت علاقوں میں شدید لڑائی جاری

Published On 09 July,2021 11:29 am

کابل: (دنیا نیوز) افغان طالبان نے ایرانی سرحد کے قریب اسلام قلعہ پر قبضہ کر لیا، سرحدی علاقے میں افغان فوجی پسپائی اختیار کرتے ہوئے ایران میں پناہ کے لیے داخل ہو گئے۔ صوبہ غزنی سمیت کئی علاقوں میں گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔

افغانستان میں بدامنی بڑھتی جا رہی ہے، مذاکرات میں امن کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ ایرانی سرحد کے قریب صوبہ ہرات کے شہر اسلام قلعہ پر قبضہ کر لیا، افغان فوجی پسپائی اختیار کرتے ہوئے ایران میں پناہ کے لیے داخل ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق صوبہ کابل کے علاقے سروبی کے 70 دیہات پر بھی طالبان نے کنٹرول حاصل کر لیا۔ صوبہ غزنی سمیت کئی علاقوں میں گھمسان کی جنگ جاری ہے، افغان فورسز نے بھی حملے تیز کر دیئے ہیں۔ لوگر صوبے میں افغان فضائیہ کے حملے میں چار طالبان مارے گئے، صوبہ بلخ کی حفاظت کے لئے ڈیڑھ ہزار عوامی رضاکار تعینات کردیئے گئے ہیں اور مزید رضاکار بھرتی کرنے کا عمل جاری ہے۔

ادھر صدر اشرف غنی نے کہا ہے ہتھیار نہیں ڈالیں گے، طالبان سے لڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
 

Advertisement