امریکا کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو نہ پایا جا سکا، ہزاروں افراد انخلا پر مجبور

Published On 16 July,2021 09:44 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کی مغربی ریاستوں کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو نہ پایا جا سکا، ہزاروں افراد کو متاثرہ علاقے چھوڑ کر محفوظ مقامات کی جانب منتقل کر دیا گیا۔

امریکہ کے نیشنل فائر سینٹر کے مطابق کیلی فورنیا، مونٹانا سمیت گیارہ ریاستوں میں 70 مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے۔ اب تک لاکھوں ایکڑ رقبہ جل چکا ہے۔ فائر فائٹرز کے ساتھ ساتھ جہازبھی آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔ آگ اتنے بڑے علاقے پر پھیلی ہوئی ہے کہ امریکہ کے آگ بجھانے والے ادارے کے وسائل میں کمی کے خدشات ظاہر کئے گئے ہیں۔ فائر فائٹرز کے مطابق علاقے میں شدید گرمی کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیں آگ پھیلانے کا باعث بن رہی ہیں۔

متاثرہ علاقے سے نقل مکانی کرنے والوں کو ریڈ کراس کے کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان جنگلات کا سالانہ بنیادوں پر آگ کی لپیٹ میں آ جانا موسمیاتی تبدیلیوں کے برے اثرات ہیں۔