بیجنگ: (دنیا نیوز) چین میں شدید بارش اور سیلابوں کی وجہ سے وسطی شہر ژینگژو میں 12 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ لیویانگ شہر کے ڈیم میں بیس فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے ٹوٹنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے صورت حال کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب سے نمٹنے کے اقدامات انتہائی سطح میں داخل ہو چکے ہیں۔ دس ملین آبادی کے شہر ژینگژو سے دو لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اس شہر میں ایک ٹرین بھی برساتی سیلاب سے متاثر ہوئی ہے۔ صدر شی جن پنگ نے کہا کہ دریا اور نہریں انتہائی بھر چکی ہیں اور اپنی حدود کھو گئے ہیں۔ سیلاب سے زندگیوں کا ضیائع اور مالی تقصانات ہوئے ہیں،زخمیوں کی تعداد بھی بے حساب ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کنٹرول صورتحال بہت تشویش ناک ہو چکی ہے اور ہم ایک سنگین وقت میں داخل ہو گئے ہیں۔
وسطی صوبہ میں امدادی کارروائیوں میں مصروف پیپلز لبریشن آرمی کے ذرائع کے مطابق لیویانگ شہر کے یہتان ڈیم میں بیس فٹ چوڑا شگاف پڑ چکا ہے جس کی وجہ سے کسی وقت بھی ڈیم ٹوٹ سکتا ہے۔
لیویانگ شہر کی آبادی 70 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے جن کو خطرہ لاحق ہو چکا ہے،فوجیوں نے ڈیم میں مزید پانی جانے روکنے کے لیے دریائی گزرگاہوں کا رخ بلاسٹنگ کے ذریعے موڑنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔