کابل: (دنیا نیوز) طالبان کے سابق سفیر ملا عبدالسلام ضعیف کا کہنا ہے کہ سخت گیر دور کو دہرانے کا کوئی ارادہ نہیں، عالمی میڈیا طالبان کو ظالم بنا کر پیش کر رہا ہے۔
ملا عبدالسلام ضعیف کا کہنا ہے کہ افغانستان میں لوگ طالبان سے خوش ہیں، زندگی معمول کی طرف لوٹ چکی ہے، خواتین کی تعلیم جاری ہے اور وہ کام پر بھی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی سے کوئی بدلہ نہیں لیا جا رہا، قانونی انداز میں کابل ایئرپورٹ جانے والوں کو روکا نہیں جا رہا، طالبان اپنے عہد کی پاسداری کررہے ہیں۔
دوسری جانب افغان میڈیا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ طالبان نے ایک رپورٹر اور کیمرہ مین پر کوریج کے دوران تشدد کیا۔ طلوع نیوز نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ ان کے رپورٹر اور کیمرہ مین کابل شہر کے حاجی یعقوب چوک پر بے روز گاری پر رپورٹ کی عکس بندی کر رہے تھے کہ طالبان آئے اور انہیں پیٹنا شروع کر دیا، انہوں نے میڈیا اسٹاف کو تھپٹر مارے اور اپنی بندوق سے بھی مارا۔