مزارشریف میں پاکستان کی مدد سے ایئر برج بنانیکی کوشش کرینگے: عالمی ادارہ صحت

Published On 27 August,2021 09:37 pm

لندن: (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ آئندہ دو سے تین روز میں مزارِ شریف میں پاکستانی حکومت کی مدد سے ایئر برج بنانے کی کوشش کریں گے۔

برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کی ر پورٹ کے مطابق یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کابل ایئرپورٹ پر جمعرات کے روز خودکش حملوں میں 110 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور 150 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ ان حملوں کی ذمہ داری دولتِ اسلامیہ نے قبول کی تھی۔

عالمی ادارہ صحت کے خطے کے ایمرجنسی ڈائریکٹر رک برینن نے افغانستان میں سامان کی قلت سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ افغانستان میں طبی سامان کی ضرورت بہت زیادہ اور وقت کے ساتھ اس میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ آئندہ دو سے تین روز میں مزارِ شریف میں پاکستانی حکومت کی مدد سے ایئر برج بنانے کی کوشش کریں گے۔

برینن نے جنیوا میں بریفنگ میں بتایا کہ ایمرجنسی کی صورت میں ہسپتالوں میں درکار سازوسامان اور بچوں میں غذائی قلت سے متعلق ادویات اس وقت ترجیحات میں سب سے اوپر ہیں۔ اس وقت سکیورٹی صورتحال اور اور دیگر آپریشنل مسائل کے باعث کابل ایئرپورٹ کے ذریعے ایسا کرنا ممکن نہیں ہو سکے گا۔
 

Advertisement