نیویارک: (دنیا نیوز) واشنگٹن میں سکھ کمیونٹی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف سراپا احتجاج بن گئی، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 25 ستمبر کو مودی کی تقریر کے موقع پر بھی بڑے پیمانے پر مظاہروں کا منصوبہ ہے۔
مودی سرکار کے مقبوضہ کشمیر اور بھارتی پنجاب میں مظالم، بھارتی وزیر اعظم کا دورہ امریکا ڈراؤنا خواب بن گیا، امریکا میں سکھ کمیونٹی مودی کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ مودی واشنگٹن کے ولرڈ ہوٹل میں مقیم ہیں جس کے باہر سکھ مظاہرین نے دھرنا دے دیا۔
مظاہرین نے ہوٹل کے باہر خالصتان کے پرچم لہرا دیئے، مظاہرین نے خالصتان اور کسانوں کے حق میں نعرے لگائے۔ امریکا کی کئی ریاستوں میں مختلف تنظیموں نے مودی کے خلاف مظاہروں کا اعلان کر رکھا ہے۔ مظاہرین نے جنرل اسمبلی میں کل مودی کی تقریر کے موقع پر بھی بڑے پیمانے پر مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔
مظاہرے میں شرکت کے لئے امریکا بھر سے کشمیری، سکھ، ہندوستانی مسلمان اور دلت احتجاج کے لیے نیویارک پہنچ رہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر مودی کا اصل چہرہ دنیا کو دکھائیں گے۔ تنظیم سکھ فار جسٹس کا کہنا ہے کہ وہ سکھوں اور کشمیریوں کے قاتل مودی کو امریکا میں چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے اور وائٹ ہاؤس سے لے کر اقوام متحدہ تک اس کا پیچھا کریں گے۔