بھارتی پنجاب کی عدالت میں زوردار دھماکہ،2افراد ہلاک،4زخمی

Published On 23 December,2021 04:53 pm

لدھیانہ:(ویب ڈیسک)بھارتی پنجاب کے شہرلدھیانہ کی عدالت میں زوردار دھماکے سے 2ہلاک اور 4افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لدھیانہ ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس میں دھماکہ ہوا جبکہ موقع پر موجود ایک وکیل کا کہنا تھا کہ دھماکہ دوسری منزل پر عوامی واش روم کے اندر اس وقت ہوا جب ضلعی عدالت کام کر رہی تھی۔

لدھیانہ کے پولیس کمشنر گرپریت سنگھ بھلر نے کہا کہ علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے اور فرانزک ٹیمیں دھماکے کی جگہ سے نمونے جمع کریں گی۔

ابتدائی تحقیقات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں بھلر نے کہا کہ ابھی تک دھماکے کا کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی جبکہ دھماکے کے بعد ایک لاش برآمد ہوئی ہے۔ وہ شخص یا تو دھماکہ خیز مواد لے جا رہا تھا یا اس کے بہت قریب تھا،ہم دہلی سے این ایس جی ٹیم کی آمد کا انتظار کر رہے ہیں۔

گرپریت سنگھ کے مطابق دھماکے کے نتیجے زخمی ہونے والے 5افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ چرن جیت سنگھ چنی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ لدھیانہ کی عدالت میں دھماکے کی خبر سن کر افسوس ہوا،میں لوگوں کو یقین دلاتا ہوں اس واقعے میں ملوث افراد کو نہیں چھوڑا جائے گا ،امن و امان کو سبوتاژ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ 

Advertisement