انقرہ:(دنیا نیوز) ترک صدر رجب طیب اردوان نے یونانی سرحد سے دھتکارے گئے 22 غیر قانونی تارکین وطن میں سے 19 کی ہلاکت پر یونان کے رویے کو ناقابل برداشت قرار دے دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک صدر طیب اردوان کا کہنا ہے کہ یونانی فورسز کاانسانوں کو یوں ٹھنڈ میں مرتے ہوئے دیکھنا نا قابل برداشت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی رہنماؤں سے ملاقات میں تارکین وطن کی یہ تصاویر دکھائیں گے اور تارکین وطن کا مسئلہ حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کا مطالبہ کریں گے۔
طیب اردوان نے یورپی بارڈر فورس کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ یونان کی حمایت کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کرتی۔
خیال رہے کہ یونانی فورسز نے 22 تارکین وطن کے جوتے اور کپڑے چھین کر انہیں شدید ٹھنڈ میں مرنے کے لیے چھوڑ دیا تھا۔