کیف: (دنیا نیوز) یوکرین کی حمایت میں امریکا کی افواج پولینڈ کی سرحد پر پہنچ گئیں، برطانیہ نے بھی مزید ساڑھے تین سو فوجی پولینڈ بھیجنے کا اعلان کردیا۔ ماسکو میں فرانسیسی اور روسی صدور کی ملاقات میں یوکرین کے مسئلے کو مذکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا گیا۔
یوکرین کی سرحدپرعسکری سرگرمیوں میں تیزی آ گئی، امریکی افواج کا پہلا دستہ متعدد طیاروں میں پولینڈ پہنچ گیاطیاروں میں بڑی مقدار میں جنگی ساز و سامان بھی پولینڈ پہنچا دیا گیا
صدر بائیڈن نے 3 ہزار فوجی پولینڈ بھیجنے کا اعلان کیا تھا، میجر جنرل کرسٹوفر پولینڈ میں امریکی افواج کی کمان کریں گے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوجیوں کو لے کر مزید طیارے جلد پولینڈ میں اتریں گے، برطانیہ نے بھی مزید 350 فوجی پولینڈ بھیجنے کا اعلان کردیا
برطانوی وزیر دفاع کے مطابق 100 برطانوی فوجی پہلے ہی پولینڈ کی سرحد پر موجود ہیں جو یوکرین پر ممکنہ روسی حملے کی صورت میں نیٹو ممالک کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں گے۔
ماسکو میں فرانسیسی صدر میکرون اور ان کے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے یوکرین کا تنازعہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔