کیف:(دنیا نیوز) یوکرین کے صدر زیلنسکی نے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کو براہ راست مذاکرات کی پیشکش کردی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرینی صدر نے کہا کہ ہم دونوں کو پیشگی شرائط کے بغیر مذاکرات کی میز پر بیٹھنا چاہیے، یورپ فوری طور پر یوکرین کو نو فلائی زون قرار دے، فضائی حدود بند نہیں کرسکتے تو مجھے طیارے فراہم کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین کے بعد لیٹویا، لتھوینیا، اسٹونیا کی باری آئے گی، بچوں کو مردہ خانے میں نہیں ہونا چاہیے اور روسی مائیں اپنے بچے لے جائیں۔
دوسری جانب روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ مغرب نے جو ہمارے مخالف بیانیہ بنایا ہے ہم اسے برباد کردیں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدر نے کہا کہ یوکرین کی فوج نے ہزاروں غیر ملکیوں کو یرغمال بنایا ہے، ہماری افواج نے عوام کے انخلاء کے لیے محفوظ راستہ دیا، یوکرینی قوم پرستوں نے محفوظ راستوں کو بند کردیا ہے۔
صدر پیوٹن نے مزید کہا کہ جنگ میں مرنے والے روسی فوجیوں کے خاندان کی مدد ہماری ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مرنے والے اور زخمی روسی فوجیوں کے خاندانوں کے لیے مراعات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مغرب نے جو روس مخالف بیانیہ بنایا ہے ہم اسے برباد کردیں گے، یوکرین میں سپیشل آپریشن ہمارے پلان کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔