کیف: (دنیا نیوز) یوکرین میں روس نے تباہی مچا دی، کیف کے علاقے سے ہزارسے زائد لاشیں نکال لی گئیں، یوکرین کے دورے پر آئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے جنگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، برطانیہ نے بھی یورپ کے دفاع کیلئے آٹھ ہزارفوجی تعینات کرنے کا اعلان کردیا۔
روسی حملوں نے یوکرین میں لاشوں کے ڈھیر لگا دئیے، کیف کے علاقے سے 1187 ڈیڈباڈیز نکال لی گئیں، زیادہ تر لاشیں شمال مغربی ضلع بوچا سے ملیں، روس نے یوکرین کے مزید چھ اسلحہ اور فیول ڈپو تباہ کرنے کا دعویٰ کر دیا۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوترس نے یوکرینی صدر زیلنسکی کے ساتھ جنگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اورجنگ کو ناقابل قبول قراردیا۔ برطانوی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یورپ کےدفاع کیلئے 8 ہزار فوجی تعینات کیے جائیں گے جو براعظم بھر میں مشقیں کریں گے، 72 ٹینک اور 120 جنگی بکتر بند گاڑیاں بھی مشقوں کا حصہ ہوں گی۔
امریکی صدرجوبائیڈن نے کانگریس سے یوکرین کیلئے 33 ارب ڈالر منظور کرنے کا مطالبہ کر دیا، بل پاس ہونے کی صورت میں یوکرین کو 20ارب ڈالر فوجی اور 8 ارب ڈالر مالی امداد دی جائے گی، تین ارب ڈالر خوراک اورانسانی امداد کے لیے بھی فراہم کیے جائیں گے۔