مصر: غیر ملکی خواتین سیاحوں کو ہراساں کرنے کی وڈیو وائرل

Published On 06 May,2022 02:58 pm

مصر: (ویب ڈٰیسک) مصر کے صوبے الجیزہ میں 'ہضبۃ الہرم' کے علاقے میں ایک مصری شہری کی جانب سے بنائے گئے وڈیو کلپ نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کر دیا۔

وڈیو میں عید الفطر کے دوران میں مصری نوجوانوں اور بچوں کے ایک گروہ کو مذکورہ مقام پر غیر ملکی خواتین سیاحوں کو ہراس کا نشانہ بناتے اور انہیں تنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر پھیل جانے کے ساتھ ساتھ یہ وڈیو ذرائع ابلاغ میں بھی نشر کی گئی ہے۔ وڈیو میں غیر ملکی لڑکیوں کو فرار کی کوشش کرتے دکھایا گیا ہے۔ اس سے قبل متعدد افراد نے ان لڑکیوں کے جسم کو چُھونے اور بنا اجازت ان کی تصاویر بنانے کی کوشش کی تھی۔

وڈیو میں اہرام کے علاقے میں دو خواتین سیاح شدید خوف کی حالت میں نظر آ رہی ہیں جب کہ بچوں کی ایک بڑی تعداد ان کو ہراس کا نشانہ بنانے کے لیے اطراف میں موجود تھی۔

وڈیو بنانے والے شخص نے عکس بندی کرتے ہوئے کہا کہ "ہم چاہتے ہیں کہ یہ وڈیو وزیر سیاحت تک پہنچے، عید الفطر کے موقع پر ہضبۃ الہرم کے مقام پر غیر ملکیوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے"۔

ادھر مصری سیکورٹی ذرائع کے مطابق سیاحت اور آثار قدیمہ کے امور سے متعلق اداروں نے وڈیو کا بغور جائزہ لیا ہے تا کہ ملزمان کی شناخت کر کے انہیں گرفتار کیا جا سکے۔
 

Advertisement