ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں پریزیڈنسی آف اسٹیٹ سکیورٹی نے بتایا ہے کہ سکیورٹی اداروں کو مطلوب ایک اشتہاری کی گرفتاری کی کوشش کے دوران اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں اشتہاری ہلاک اور ایک پاکستانی شہری اور متعدد سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق مملکت کے ریاستی سلامتی کے ذمہ دار ادارے کے اہلکاروں نے جدہ میں اشتہاری عبداللہ بن زید عبدالرحمان البکری کی گرفتاری کے لیے السامریہ کالونی میں ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔
اس موقع پر ملزم نے خود کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔ اس دھماکے میں ایک پاکستانی شہری اور چار سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
صدارت عامہ برائے ریاستی سلامتی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔