لندن: (دنیا نیوز) بھارتی نژاد رشی سوناک نے برطانوی وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھال لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی شاہ چارلس سوئم سے رشی سوناک کی ملاقات ختم ہوگئی۔
ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے رشی سوناک نے کہا کہ سب سے پہلے عوام کا اعتماد بحال کرنا ہے، میری حکومت کا پہلا ایجنڈا معاشی استحکام اور اعتماد کی بحالی ہوگا، میں عوامی مفاد کو سیاست سے بالاتر رکھوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بطور وزیر اعظم بورس جانسن کی کامیابیوں پر ان کا شکر گزار ہوں، پارٹی کا اعتماد حاصل کر لیا اب عوام کا اعتماد حاصل کروں گا، اگلی نسل کو قرضوں کے بوجھ تلے چھوڑ کر نہیں جاؤں گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پینی مورڈانٹ مطلوبہ 100 ارکان کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہیں جس کے بعد رشی سوناک کو پارٹی کی سربراہی ملی۔
صرف دو ماہ قبل اراکین نے سابق وزیر خزانہ رشی سوناک کے بجائے لز ٹرس کو منتخب کیا تھا جنہیں اراکین پارلیمنٹ میں زیادہ حمایت حاصل تھی۔
سابق وزیراعظم بورس جانسن کریبین میں چھٹیاں گزارنے گئے ہوئے تھے مگر لِز ٹرس کے مستعفی ہونے کے بعد نئے وزیراعظم کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے واپس پہنچ گئے تھے۔