جدہ: (ویب ڈیسک) چین کے صدر شی جن پنگ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی صدر نے دورہ کا فیصلہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی طرف سے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے کی دعوت کے بعد کیا۔
میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ سعودی عرب اور چینی سربراہی اجلاس کے دوران 29 بلین ڈالر کے ابتدائی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب چین امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات میں بڑھتے ہوئے تناؤ کے درمیان مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید گہرا کرنا چاہتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 2019 میں چین کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے بیجنگ کے عظیم ہال آف دی پیپل میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔