برلن: (ویب ڈیسک) جرمنی میں حکومت کے خلاف سازش کرکے اقتدار کا تختہ الٹنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ملک بھر میں مشتبہ دہشت گرد نیٹ ورک رائش سٹیزنز موومنٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 25 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق حکومت کے خلاف بغاوت کے الزام میں گرفتار ایک حاضر سروس فوجی افسر اور فوج ہی کے کئی سابق اہل کاروں سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ وفاقی جرمن پولیس نے ملک میں دہشت گرد گروہ کے مشتبہ اراکین کو گرفتار کرنے کے لیے وسیع کریک ڈاؤن کیا۔ جرمن وزیر انصاف مارکو بوشمن کے مطابق ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، جن پر ریاستی اداروں پر مسلح حملے کی منصوبہ بندی کا شبہ ہے۔