لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ نے ایران، روس اور میانمار سمیت 11 ممالک کے 30 افراد پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ نے عوامی مظاہروں کو کچلنے کے لیے تشدد کے استعمال، جنسی استحصال، قیدیوں سے ناروا سلوک کرنے والے عہدیدار اور کرپٹ سیاستدانوں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔
برطانیہ کے وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے ایک بیان میں کہا کہ جن افراد پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں ان کا تعلق مختلف 11 ممالک سے ہے جن میں 10 ایرانی سیکیورٹی فورسز، جیل اور عدالت کے اہلکار شامل ہیں۔
میانمار میں جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرنے والے فوجی آمر جو خود ساختہ جنتا حکومت میں بھی شامل ہیں، انھیں بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ روس کے 90 ویں ٹینک ڈویژن کے کمانڈر اباتولین بھی پابندی کا شکار ہیں۔
ان کے علاوہ مالی کے کتیبا میکینا گروپ پر بھی جنسی تشدد میں ملوث ہونے کے الزام پر پابندی عائد کی گئی ہے اسی طرح جنوبی سوڈان کے چند عہدیداروں کو بھی جنسی تشدد پر پابندی کا سامنا ہوگا۔