خواتین پر پابندی،غیر ملکی سماجی تنظیموں نے افغانستان میں سرگرمیاں معطل کر دیں

Published On 25 December,2022 08:42 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) افغان طالبان کی جانب سے خواتین کے عالمی اور مقامی غیر سرکاری تنظیموں میں کام پر پابندی کے بعد غیر ملکی امدادی گروپوں نے افغانستان میں اپنی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان میں کام بند کرنے والی تینوں امدادی تنظیموں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہم طالبان سے اس اعلان پر وضاحت حاصل کرنے تک اپنے پروگرام معطل کر رہے ہیں۔

تنظیموں نے مطالبہ کیا کہ طالبان مرد اور خواتین کو مساویانہ طور پر افغانستان میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دیں کیونکہ وہ خواتین کے عملے کے بغیر انتہائی ضرورت مند بچوں، خواتین اور مرد حضرات تک مؤثر انداز میں نہیں پہنچ سکتیں۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان: خواتین کے این جی اوز میں کام کرنے پر پابندی عائد

واضح رہے کہ امریکہ نے افغانستان میں غیر سرکاری تنظیموں کو خواتین کو ملازمت دینے سے روکنے کا حکم دینے پر طالبان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پابندی سے لاکھوں افراد کے لیے اہم اور جان بچانے والی امداد متاثر ہو گی۔

خیال رہے کہ طالبان نے گزشتہ روز خواتین کے این جی اوز میں کام کرنے پر اس وجہ سے پابندی لگا دی تھی کہ انہوں نے سر کو درست طریقے سے ڈھانپ نہیں رکھا تھا۔