فرانس کا روس کیخلاف جنگ میں یوکرین کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان

Published On 30 December,2022 04:31 am

پیرس : ( ویب ڈیسک ) فرانسیسی حکومت نے روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے وزیر دفاع نے یوکرین کے پہلے دورے کے دوران یوکرینی صدر زیلنسکی اور اور اپنے ہم منصب سے ہونے والی ملاقات میں کیف کیلئے مزید فوجی مدد کی یقین دہانی کرائی۔

فرانسیسی وزیر دفاع نے یوکرین کے دارالحکومت کیف میں جنگ کے دوران مرنے والوں کو یاد کرنے کے لیے ایک یادگار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرانسیسی وزیر نے کہا کہ ان کا ملک یوکرین کے لیے فرانس کی فوجی حمایت پر ایک " مشترکہ ایجنڈے " کی نئی وضاحت کرے گا۔

خیال رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے دوران فرانس نے یوکرین کو مسلسل فوجی مدد بھیجی ہے اور امدادی رقم جمع کرنے کے لیے دو کانفرنسوں کی میزبانی کی ہے۔

واضح رہے کہ یوکرین میں بہت سے لوگوں نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ بات چیت کے ذریعے حل تلاش کرنے کی کوششوں کو برقرار رکھنے کی کوششوں پر تنقید کی تھی۔