ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب میں مکہ ریجن کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا گیا۔
سعودی سول ڈیفنس حکام کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ جدہ مکہ ہائی وے اور پرانے مکہ روڈ پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں طوفانی بارشوں کے سبب جدہ سمیت مختلف علاقوں میں نظام زندگی جزوی طور پر معطل ہوگیا ہے۔
جمعرات کو ہونے والی بارش سے متعدد سڑکیں زیر آب آگئیں جبکہ بعض انڈر پاسز میں پانی بھر جانے کی وجہ سے انتظامیہ نے انہیں بند کردیا ہے۔
بعض شاہراہیں زیر آب آنے کی وجہ سے متعدد گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔