برازیلیا: (دنیا نیوز) برازیل کے نئے صدر ڈی سلوا نے کہا ہے کہ انہیں چینی صدر کا خط موصول ہوا ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔
نومنتخب برازیلی صدر نے کہا انہیں چین کے نائب صدر کی طرف سے شی جن پنگ کا ایک خط موصول ہوا ہے جس میں انہوں نے برازیل کیساتھ تعاون کو بڑھانے پر زور دیا ہے۔
صدر ڈی سلوا کا کہنا تھا کہ چین ہمارا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ چین کیساتھ تعلقات کو مزید وسعت دیں۔
گزشتہ روز لوئز لولا ڈی سلوا نے تیسری مدت کیلئے عہدے کا حلف اٹھایا ہے، اکتوبر میں انہوں نے صدارتی انتخاب میں صدر بولسونارو کو معمولی فرق سے شکست دی تھی، لوئز ڈی سلوا اس سے قبل 2003 میں ملک کے صدر منتخب ہوئے اور 2010 تک صدر رہے تھے۔