ایران : مظاہروں کی حمایت کے الزام میں گرفتار اداکارہ کو رہائی مل گئی

Published On 05 January,2023 05:35 am

تہران : ( ویب ڈیسک ) ایرانی حکام کی جانب سے حکومت مخالف مظاہروں کی حمایت پر گرفتار معروف اداکارہ ترانے علیدوستی کو رہا کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مواد پوسٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کی گئی 38 سالہ معروف ایرانی اداکارہ ترانے علیدوستی کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

آسکر ایوارڈ یافتہ فلم دی سیلز مین میں اداکاری کرنے والی ترانہ علیدوستی کو جھوٹ پھیلانے کے الزام میں تب گرفتار کیا گیا تھا جب اس نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں مظاہروں کے دوران مبینہ طور پر کیے گئے جرائم کے لیے سزائے موت پانے والے پہلے شخص کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا تھا۔

اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا تھا کہ ہر بین الاقوامی ادارہ جو اس خونریزی کو دیکھ رہا ہے اور کارروائی نہیں کررہا ہے وہ انسانیت کی توہین کر رہا ہے۔

17 دسمبر کو اپنی گرفتاری سے چند دن پہلے علیدوستی نے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ پہلے مظاہرین محسن شیکاری کی پھانسی کے ردعمل میں بولیں۔