اسرائیل نے سینئر فلسطینی حکام کے سفری اجازت نامے منسوخ کر دیے

Published On 09 January,2023 06:29 am

یروشلم : ( ویب ڈیسک ) اسرائیل کی حکومت کی جانب سے سنیئر فلسطینی حکام کے سفری اجازت نامے منسوخ کر دیئے گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے ان کا سفری اجازت نامہ منسوخ کر دیا ہے، جو فلسطینیوں کے خلاف تعزیری اقدامات کے سلسلے کا ایک حصہ ہے جس کا اعلان اسرائیل کی نئی سخت گیر حکومت نے چند روز قبل کیا تھا۔

ریاض المالکی نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ وہ برازیل کے صدر کی تقریب حلف برداری سے واپس آ رہے تھے جب انہیں بتایا گیا کہ اسرائیل نے ان کا سفری اجازت نامہ منسوخ کر دیا ہے، جس سے اعلیٰ فلسطینی حکام عام کے برعکس مقبوضہ مغربی کنارے کے اندر اور باہر آسانی سے سفر کر سکتے ہیں۔

اسرائیل کی وزارت دفاع کے ایک ترجمان نے اس اقدام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ جمعہ کے روز فلسطینیوں کو سزا دینے کے لیے کیے گئے حکومتی فیصلے پر عمل درآمد کا حصہ ہے جو کہ اقوام متحدہ کے اعلیٰ ترین عدالتی ادارے کو اسرائیلی قبضے پر اپنی رائے دینے کے لیے دباؤ ڈالے گا۔

قبل ازیں ہفتے کے روز، اسرائیلی حکام نے کہا کہ فلسطینی صدر محمود عباس کی فتح پارٹی کے تین سینئر عہدیداروں کے داخلے کے اجازت نامے اس وقت منسوخ کر دیے ہیں جب وہ حال ہی میں جیل سے رہا ہونے والے اسرائیل کے ایک فلسطینی شہری سے ملنے گئے تھے۔

ایک اسرائیلی فوجی کو قتل کرنے کے جرم میں 40 سال کی سزا کاٹنے کے بعد جمعرات کو رہائی کے بعد محمود العلول، عزام الاحمد اور راوی فتوح نے کریم یونس سے ان کے آبائی گاؤں آرا میں ملاقات کی تھی۔

واضح رہے کہ یہ اقدام جمعہ کو اسرائیل کی سیکیورٹی کابینہ کے فلسطینی اتھارٹی سے حاصل ہونے والے 39 ملین ڈالر کی آمدنی روکنے اور اسرائیل کے زیر قبضہ مغربی کنارے کے بیشتر علاقوں میں فلسطینی تعمیراتی منصوبوں پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کے بعد کیا گیا ہے۔