بھارت میں دھند سے نظام زندگی متاثر ، پروازیں تاخیر کا شکار

Published On 09 January,2023 12:27 pm

نیو دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارت میں گہری دھند کے باعث دارالحکومت دہلی اور شمالی ریاستوں میں فلائٹ آپریشن اور ٹرینوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں دھند اور شدید سردی کے باعث سکولوں کی چھٹیوں میں بھی ایک ہفتے تک توسیع کردی گئی ہے ۔

دہلی کی حکومت نے 15 جنوری تک پرائیویٹ سکولوں کو بھی بند رکھنے کی ہدایت کر رکھی ہے ۔

بھارت کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث ٹرینوں اور پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے ، نئی دہلی میں صبح حد نگاہ 200 میٹر تک محدود تھی جبکہ درجہ حرارت4  ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے باعث 150 مقامی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئی ہیں اور کم از کم 29 ٹرینوں کا شیڈول بھی دو گھنٹے متاثر رہا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دہلی، پنجاب، ہریانہ، اترپردیش اور بہار میں منگل تک گہری دھند برقرار رہنے کا امکان ہے ۔