سعودی عرب : ہوٹلوں میں مقامی مصوروں کے فن پارے آویزاں کرنے کا حکم

Published On 09 January,2023 03:42 am

ریاض : ( ویب ڈیسک ) سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے ملک کے تمام ہوٹلوں کے اندر مقامی مصوروں کے فن پارے خرید کر آویزاں کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت ثقافت کی جانب سے جاری حکم نامے میں مملکت میں قائم تمام ہوٹلز کو اس امر کا پابند کیا گیا ہے کہ سعودی مصوروں کے شہ پاروں کو خرید کر اپنے ہاں آویزاں کریں۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ سعودی سیاحتی شعبے میں نئے معیار قائم کرنے کی کوششوں کے حصے کے طور پر کیا گیا ہے تاکہ غیر ملکی سیاح مملکت کے کلچر اور آرٹ سے نہ صرف آگاہ ہو سکیں بلکہ یہ ان کی سعودی کلچر میں دلچسپی کا بھی باعث بنے۔

وزارت ثقافت کے اس نئے اقدام کا مقصد مملکت میں ثقافتی پروگراموں اور سعودی ورثہ کو آگے بڑھانا اور محفوظ کرنا ہے، سعودی وزارت ثقافت نے یہ فیصلہ وزارت سیاحت کے تعاون سے کیا ہے۔

دونوں وزارتوں کے باہمی تعاون نے عرب مصوری میں مقامی ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے اور اس کی حوصلہ افزائی کا ماحول پیدا ہو سکے گا، مقامی مصوروں اور فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار اور ان کی پذیرائی ہو گی۔