فلپائنی صدر نے 5 ماہ قبل تعینات ہوئے آرمی چیف کو برطرف کر دیا

Published On 08 January,2023 11:29 pm

منیلا: (دنیا نیوز) فلپائن کے صدر نے پانچ ماہ قبل ہی تعینات ہونے والے آرمی چیف کو برطرف کر دیا ان کی جگہ اگلے ماہ ریٹائر ہونے والے جنرل کو فوج کا سربراہ بنا دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر فرڈینینڈ مارکوس نے بغیر وضاحت پیش کیے تمغہ شجاعت سے نوازے گئے لیفٹیننٹ جنرل بارتولوم بکارو کو عہدے سے برطرف کیا ان کی تین سال کی مدت اگست 2025 میں ختم ہونا تھی اور ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل آنڈرے سینٹیو کو آرمی چیف مقرر کر دیا ہے۔

نئے تعینات ہونے والے آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل آنڈرے کی مدت میں تین سال کی توسیع کر دی گئی ہے، فلپائن میں فوج کے سربراہ کی تعیناتی ایک حساس معاملہ ہے اور فوج کی طرف سے ناکام بغاوت، بدعنوانی کے سکینڈلز اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی ایک تاریخ رہ چکی ہے۔

ملکی روایت برقرار رکھتے ہوئے کمان کی تبدیلی کی تقریب ملٹری کیمپ میں منعقد ہوئی جس میں بارتولوم بکارو نے اپنےعہدے کی ذمہ داریاں نئے فوجی سربراہ لیفٹیننٹ جنرل آنڈرے سینٹیو کو سونپ دیں، اس موقع پر سبکدوش ہونے والے بارتولوم بکارو نے فوج، اہل خانہ اور صدر کا شکریہ ادا کیا۔