جدہ: (ویب ڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیل کے بڑھتے ہوئے حملوں پر بحث کیلئے منگل کو ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق او آئی سی کے جنرل سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہنگامی اجلاس کا فیصلہ مقبوضہ بیت المقدس میں بڑھتی اسرائیلی جارحیت اور مسجد اقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حال ہی میں اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن غفیر سکیورٹی فورس کو ساتھ لے کر مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں گھس آئے تھے، اسرائیل مسجد اقصیٰ کی تاریخی اور قانونی حیثیت تبدیل کرنے کیلئے غاصبانہ طاقت کا مسلسل استعمال کر رہا ہے۔
واضح رہے اس سے قبل او آئی سی کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں سکیورٹی فورس کے ساتھ اسرائیلی وزیر کے گھسنے کے واقعے کی سخت مذمت کی گئی تھی، واقعے کو دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات بھڑکانے اور متعلقہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔