جوبائیڈن کے نجی دفتر سے بھی خفیہ دستاویزات برآمد، تحقیقات شروع

Published On 10 January,2023 07:12 am

واشنگٹن : ( ویب ڈیسک ) امریکی صدر جوبائیڈن کے نائب صدر کے زمانے کی کئی خفیہ دستاویزات ان کے نجی دفتر سے برآمد ہونے کے بعد نیشنل آرکائیوز نے معاملے کو تحقیقات کیلئے محکمہ انصاف کو بھیج دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ امریکی صدر جوبائیڈن کے دفتر سے متعدد خفیہ دستاویزات ملی ہیں تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ان دستاویزات کا تعلق کس سے ہے یا انہیں بائیڈن کے نجی دفتر میں کیوں لے جایا گیا۔

امریکی قانون کے مطابق وفاقی آفس ہولڈرز کو سرکاری ملازمت ختم ہونے پر سرکاری دستاویزات ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں، صدر بائیڈن کے خصوصی مشیر رچرڈ سوگر نے کہا کہ اس معاملے پر وائٹ ہاؤس نیشنل آرکائیوز اور محکمہ انصاف کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دو نومبر 2022 کو جب دستاویزات برآمد ہوئیں تو وائٹ ہاؤس انتظامیہ کی جانب سے نیشنل آرکائیوز کو مطلع کیا گیا جس نے اگلی صبح مواد کو اپنے قبضہ میں لیا۔

خیال رہے اس سے قبل اگست 2022 میں امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے فلوریڈا میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جائیداد کی تلاشی کے دوران بھی خفیہ فائلوں کو قبضے میں لیا تھا۔