برازیل کے سابق صدر جیئر بولسونارو ہسپتال داخل

Published On 10 January,2023 08:55 am

برازیلیا: (ویب ڈیسک) سابق برازیلین صدر جیئر بولسونارو کو خراب طبیعت کی وجہ سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، بولسونارو پیٹ کی تکلیف کے عارضے میں مبتلا ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سابق برازیلین صدر بولسونارو کو امریکی ریاست فلوریڈا کے ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے، صدر بولسونارو گزشتہ ماہ سے امریکہ میں مقیم ہیں۔

رپورٹس میں سابق صدر کے معالج ڈاکٹر انتونیو لوئز مکیڈو کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بولسونارو آنتوں کی تکلیف میں مبتلا ہیں، تاہم ان کا طبی مسئلہ شدید نوعیت کا نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برازیل میں کانگریس پر حملے کے بعد بڑے پیمانے پر گرفتاریاں، گورنر برطرف

سابق صدر بولسونارو کے اہل خانہ کے مطابق ان کی حالت زیادہ خراب نہیں ہے تاہم پیٹ کی تکلیف کی وجہ سے انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سابق برازیلین صدر جیئر بولسونارو 2018ء کی انتخابی مہم کے دوران چاقو حملے میں زخمی ہو گئے تھے، بولسونارو کے 6 مختلف آپریشنز کیے جا چکے ہیں جس کے باعث وہ آنتوں کے مسائل کا شکار ہیں۔