بھارت: سکول میں زہریلا کھانا کھانے سے درجنوں طلبہ کی حالت غیر

Published On 10 January,2023 05:39 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک)بھارت کے ایک پرائمری سکول میں مبینہ طور پر طلبہ کے کھانے میں سانپ مکس ہونے سے درجنوں طلبہ کی طبیعت ناساز ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ مغربی بنگال کے ضلع بیر بھوم میں پیش آیا جہاں سکول میں طالب علموں کو دوپہر کا کھانا دیا گیا، کھانا کھانے کے بعد تقریباً 30 کے قریب طالب علموں کی طبیعت بگڑ گئی اور قے ہونے پر انہیں فوری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ کھانا تیار کرنے والے سکول کے عملے نے دعویٰ کیا کہ دال سے بھرے کنٹینر میں سے ایک میں سانپ ملا تھا۔

طالب علموں کی صحت کے حوالے سے اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں طبی امداد دینے کے بعد طالب علموں کی طبعیت میں بہتری آئی جس پر انہیں ڈسچارج کردیا گیا تاہم ایک طالب علم اسپتال میں زیر علاج ہے لیکن اس کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔