دبئی: بھارتی شہری کی ایمانداری، گمشدہ رقم مالک کو واپس پہنچا دی

Published On 10 January,2023 11:03 pm

دبئی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات میں مقیم بھارتی شہری نے ایمانداری کی مثال قائم کرتے ہوئے گمشدہ رقم پولیس سٹیشن کے حوالے کر دی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے شہری اوپیندرا ناتھ چترویدی نے ایک عوامی مقام سے ملنے والے ایک لاکھ 34 ہزار 930 درھم پولیس کے حوالے کیے جس پر الرفاعہ پولیس سٹیشن کے ڈائریکٹر کرنل عمر حماد نے اپنے نائب کرنل جمعہ المہیری کی موجودگی میں بھارتی شہری کے اس اقدام کی تعریف کی۔

ڈائریکٹر کرنل عمر حماد نے کہا کہ ایمانداری اور حسن کردار پر اوپیندرا ناتھ چترویدی کے شکر گزار ہیں، دبئی پولیس امن و امان کی بحالی اور معاشرے کو خوشیاں دینے والے افراد کی حوصلہ افزائی اپنا فرض سمجھتی ہے، پولیس نے رقم اس کے اصل مالک تک پہنچا دی ہے۔